بہترین کامیابی کا راز۔ سچا جذبہ

بہترین کامیابی کا راز۔ سچا جذبہ

Aamer Habib Crime Reporter

Aamer Habib Crime Reporter

اگر انسان کا جذبہ سچا ہواور اس میں کچھ کر دکھانے کی لگن ہو تو دنیا کا کون سا ایسا کام ہے جو اسکی استطاعت سے باہر ہے؟ ہم کیوں اپنی محنت پریقین نہیں رکھتے کہ اگرکچھ کر دکھانے کی ٹھان لیں تو کیا نہیں کر سکتے؟ایک بارکی ناکامی کو ہم اپنی ہار کیوں تصور کرنے لگتے ہیں؟ کچھ پانے کیلئے کچھ کھونا تو پڑتا ہے ۔انسان چاہے سو دفعہ ناکام ہو، جذبہ سچا ہو تو منزل تک لے جاتا ہے۔جذبہ ایک ایسی چیز ہے جو آپ کی کامیابی کی راہ میں حائل ہر رکاوٹ گِرا ڈالتا ہے۔ناکام ہونا ایک عام بات ہے۔آپ سیکھتے تب ہی ہیں جب ناکام ہوتے ہیں۔ناکامی کے بعد پریشان ہونا، مایوس ہونا، حتیٰ کہ رو لینا بھی عام بات ہے۔ مگر ایک بار کی ناکامی کو مستقل سر پر سوار کرناسراسر غلط ہے۔اس پر قابو پانے اور آگے بڑھنے میں ہی عظمت ہے ۔ ہمارے اس سیارے (زمین ) پر جتنے بھی عظیم لوگ گزرے اور جتنے بھی موجود ہیں ، سب ناکامیوں کا سامنا کرتے کرتے ہی عظمت کی منزل کو پہنچے، مگر فرق یہ تھا کہ وہ ہر ناکامی کے بعد اُٹھ کھڑے ہوئے۔ انکا جذبہ سچا تھااور وہ رکے نہیں۔ اکثر لوگ ناکامی کے بعدمستقل طور پر رک جاتے ہیں اور کبھی اپنی منزل پا نہیں سکتے۔ ناکامی ایک ایندھن کی مانند ہے۔ اب چاہیں تو اس ایندھن سے خود کو جلا ڈالیں اور چاہیں تو اسے کامیابی کے سفر کا ذریعہ بنا کر منزل کو پہنچ جائیں۔اگر آپکا جذبہ سچا ہے تو ناکامی آپکے راستے کی دیوار نہیں، ایسی ہر دیوار کو گراتے جائیں۔سچا جذبہ ہر درد،ہر مشکل کو دھکیل کر آگے بڑھ جاتا ہے۔ عمر کا جذبے سے کوئی تعلق نہیں۔ آپ کبھی بھی کچھ بھی پا سکتے ہیں۔

ناکامی سے آپ توازن ضرور کھو سکتے ہیں مگر اہم یہ ہے کہ آپ کتنی جلدی توازن قائم کر لیتے ہیں۔اور توازن قائم کرنے اور برقرار رکھنے کی طاقت آپکو آپکے اندر موجود جذبہ ہی دیتا ہے۔ اب یہ آپ پر ہے کہ آپ میں جذبے کی کمی ہے یا پھر آپ ناکامی کو ہرانا چاہتے ہیں؟ ہم دوسروں کی زندگیوں سے کیوں سبق حاصل نہیں کرتے؟ منزل پانا چاہتے ہیں یا پھر ناکامی کی ایک معمولی سی چوٹ آپکے کچے جذبے کو چکنا چور کر سکتی ہے؟کیا آپ کو اپنے جذبے پر کوئی شک ہے؟تو پھر بتائیں، ناکامی کے ایندھن سے جلنا ہے یا اسے استعمال کرتے ہوئے منزل پانی ہے؟

Aamer Habib Crime Reporter