ایک خواب اور اس کی تکمیل

ایک خواب اور اس کی تکمیل

Aamer Habib News Reporter

Aamer Habib News Reporter

ایک خواب اور اس کی تکمیل
کچھ پانے کیلئے قدم اُٹھانا پڑتا ہے۔
کیا کوئی بھی انسان ایسا ہو سکتا ہے جس نے آج تک کوئی خواہش نہ کی ہو؟ کوئی خواب نہ دیکھا
ہو؟کچھ پانے کیلئے قدم اُٹھانا پڑتا ہے۔قدم اُٹھانے کے پیچھے جذبہ بڑھانے کیلئے کیا چیز کار فرما ہے؟ ___ خواب، خواہش! خواب دیکھنا اور خواہش کرنا انسانی فطرت ہے۔اگر کوئی انسان یہ کہتا ہے کہ اس میں کوئی خواہش باقی نہیں رہی تو دراصل وہ خود کو دھوکہ دے رہا ہوتا ہے۔خواہش کرنا اور خواب دیکھنا کوئی بُری بات نہیں بشرطیکہ جائز ہو۔ بلکہ یہ بہت ضروری ہے، کیونکہ خواب دیکھے یا خواہش کیے بِنا آپ کبھی من پسند مقام پر نہیں پہنچ سکتے۔اسکا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ آپ اپنی استطاعت اور حیثیت سے بڑھ کرجائز اور نا جائز کا فرق کیے بغیر اپنے خوابوں اورخواہشات کو بے لگام چھوڑ دیں۔لیکن ایسا بھی نہیں کہ آپ خواب دیکھیں ہی نہ، کیونکہ یہ خواب ہی ہوتے ہیں جو آپکے اندر کچھ پا لینے اور کر دکھانے کا جذبہ، ہمت اور قوتِ ارادی پیدا کرتے ہیں۔انہی سب کی بناء پر آپ قدم اُٹھاتے ہیں اور آخر کار وہ مقام حاصل کر لیتے ہیں جسکے آپ حقدار ہیں۔اگر خواب نہ دیکھے جائیں تو انسان میں کبھی آگے بڑھنے اور کچھ کر دکھانے کا جذبہ ہی بیدار نہ ہو۔خواب نہ دیکھے جائیں تو ایک مقام حاصل کرنے اور کچھ پانے کی تمنا نہیں رہتی۔ جب تمنا نہ ہو تو آپ عمل نہیں کرتے۔ عمل نہ کریں تو کبھی کامیاب انسان نہیں بن سکتے۔اپنے مقاصد کو حاصل کرنے کیلئے خواب دیکھنا اور خواہش کرنا بنیادی شرط ہے۔یہی عمل آپ میں جذبہ بیدار کرتا ہے اور وہ جذبہ ہی آپکو آپکی منزل تک لے جاتا ہے۔خواب حاصل کی جڑ ہے۔کیا ایسا ممکن ہے کہ روئے زمین پر جتنے بھی عظیم لوگ گزرے اور جتنے بھی موجود ہیں،انہوں نے خواب دیکھے بِنا ہی وہ مقامات حاصل کر لیے ہوں جن پر وہ آج ہیں؟

کیا دنیا کے عظیم فاتحین نے خواب دیکھے بغیر اور خواہش کیے بِنا ہی سلطنتیں فتح کر لیں؟کیا خواب دیکھے بغیر کسی کو بیٹھے بٹھائے بھی کوئی اعلیٰ مقام یا کا میابی مل سکتی ہے؟ آپ بھی کامیاب بننا چاہتے ہیں تو اسکی بنیاد کیا ہے؟ اگر آپ ایک معمولی زندگی گزار رہے ہیں تو کیا اس نیند سے بیدار نہیں ہونا چاہتے؟ اگر ہاں، تو کیسے؟ فیصلہ آپ پر!

Aamer Habib News Reporter